چترانگدا سنگھ نے فلم بیٹل آف گلوان میں سلمان خان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کر دی

Calender Icon ہفتہ 27 دسمبر 2025

ممبئی(شوبز ڈیسک) چترانگدا سنگھ نے فلم بیٹل آف گلوان میں سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر کھل کر بات کی اور سیٹ پر ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم سکندر کے سیٹ سے تعلق رکھنے والے ایک عملے کے رکن نے دعویٰ کیا تھا کہ 60 سالہ سپر اسٹار کے کام کرنے کے انداز کی وجہ سے شوٹنگ کے شیڈول میں تاخیر ہوتی تھی۔

تاہم، زوم کو دیے گئے ایک انٹرویو میں 49 سالہ اداکارہ نے اپنا ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی ایسی باتیں سن رکھی تھیں، لیکن وہ اس کی تصدیق کر سکتی ہیں کہ سلمان خان ایک دن بھی دیر سے سیٹ پر نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ بعض اوقات جب فلم کے لیے کوئی اہم اور جذباتی منظر فلمایا جا رہا ہوتا تھا تو سلمان خان اس وقت بھی سیٹ پر موجود ہوتے تھے، حتیٰ کہ جب وہ خود اس منظر کا حصہ نہیں ہوتے تھے۔ ان کے مطابق سلمان خان صبح ساڑھے دس بجے سیٹ پر آ جاتے تھے اور یہ سلسلہ ایک یا دو دن نہیں بلکہ مسلسل تین دن تک جاری رہا۔

چترانگدا سنگھ نے سلمان خان کی پیشہ ورانہ وابستگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کا تجربہ مختلف ہو سکتا ہے، لیکن وہ اپنے ذاتی تجربے کی بات کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق سلمان خان ہر وقت اس بات پر غور کرتے رہتے تھے کہ کسی منظر کو کس طرح بہتر بنایا جا سکتا ہے، اسے مصنوعی نظر آنے سے کیسے بچایا جائے اور اسکرپٹ کے مطابق اداکاری کو کیسے مؤثر بنایا جائے۔ ان کے بقول یہ سب دیکھنا واقعی خوش آئند تھا۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ سلمان خان پوری کاسٹ کے ساتھ بھرپور انداز میں جڑے رہتے تھے، ریکارڈ شدہ فوٹیج دیکھتے، اداکاروں کی پرفارمنس پر نظر رکھتے اور ضرورت پڑنے پر ان کی مدد بھی کرتے تھے۔

چترانگدا سنگھ نے واضح کیا کہ سلمان خان کے کام میں عدم دلچسپی سے متعلق کہانیاں درست نہیں ہیں اور وہ فلم کے دوران مکمل توجہ کے ساتھ کام کرتے رہے۔

واضح رہے کہ بیٹل آف گلوان ایک سچے واقعے پر مبنی فلم ہے، تاہم اس کی ریلیز کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔