چینی توانائی گروپ کا پاکستان میں بھاری سرمایہ کار ی کا اعلان

Calender Icon پیر 29 دسمبر 2025

اسلام آباد(ممتاز نیوز)پاکستان کے توانائی شعبے میں بڑی اور اہم پیش رفت، چین کی معروف انرجی ٹیکنالوجی گروپ نے پاکستان میں باضابطہ طور پر اپنے آپریشنز کا آغاز کرتے ہوئے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔ سرمایہ کاری کو ماہرین نے توانائی کے شعبے میں اسٹریٹجک بریک تھرو قرار دے دیا جو ملک کے توانائی مستقبل کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔چینی توانائی و ٹیکنالوجی گروپ کی جانب سے پاکستان میں جدید لیتھیم بیٹری ٹیکنالوجی، سولر انرجی اسٹوریج سسٹمز اور پاور بیک اپ حل متعارف کروائے گئے۔ ان جدید انرجی اسٹوریج ماڈیول بیٹریز کی درآمد کا آغاز بھی کر دیا گیا جن کے ذریعے شمسی اور ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی کو مؤثر انداز میں محفوظ کیا جا سکے گا۔ماہرین کے مطابق انرجی اسٹوریج ٹیکنالوجی کے فروغ سے پاکستان میں متبادل توانائی کے استعمال کو فروغ ملے گا اور بجلی کے نظام میں استحکام آئے گا۔ منصوبے کے تحت پاکستان میں جدید پیداواری یونٹس قائم کیے جائیں گے، جہاں ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے ساتھ ساتھ مقامی افراد کو تربیت فراہم کی جائے گی اور ہزاروں افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے کامرس ذولفقار علی بھٹی نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت کے لیے خوش آئند ہے، جو نہ صرف صنعتی ترقی بلکہ ماحول دوست اور پائیدار توانائی کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں یہ سرمایہ کاری پاکستان کو ماحول دوست، مستحکم اور پائیدار توانائی نظام کی جانب لے جانے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔