اسلام آباد:(نیوزڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس آج وزارتِ خزانہ میں وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک (جنہوں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی)، وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے علاوہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے وفاقی سیکریٹریز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں کمیٹی نے سابق وفاقی وزیرِ خزانہ اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر شمشاد اختر کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ چیئرمین نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی خدمات محض نگران وزیر کے کردار تک محدود نہیں تھیں بلکہ ان کی قیادت میں متعارف کرائے گئے ادارہ جاتی اور ٹیکس پالیسی اصلاحات بعد ازاں بھی قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرتی رہیں۔ کمیٹی نے مرحومہ کے اہلِ خانہ اور رفقا سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
بعد ازاں ای سی سی نے ایجنڈا آئٹمز پر غور کیا اور کابینہ ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری کی منظوری دی، جس کے تحت پاکستان انڈر 19 مینز کرکٹ ٹیم کو شاندار کارکردگی اور بین الاقوامی کامیابی کے اعتراف میں انعامی رقم کی ادائیگی کے لیے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔
چیئرمین نے کہا کہ اس نوعیت کی حوصلہ افزائی نوجوان ٹیلنٹ کے لیے باعثِ تقویت ہے جو عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرتا ہے۔
اجلاس میں دفاعی ڈویژن کی جانب سے بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری کا بھی جائزہ لیا گیا اور آپریشنل ضروریات اور سکیورٹی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی منظوری دے دی گئی۔












منگل 30 دسمبر 2025 