خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی

Calender Icon ہفتہ 13 ستمبر 2025

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی۔انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھارتی سرپرستی یافتہ 35 فتنۃ الخوارج دہشت گرد مارے گئے، جبکہ وطن کے 12 بہادر سپوت مادرِ وطن پر قربان ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ ایک اور کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی گئی، جہاں 13 دہشت گرد مارے گئے۔ تاہم دشمن سے بہادری سے لڑتے ہوئے پاک سرزمین کے 12 جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ شہداء وہ جانباز ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دے کر تاریخ رقم کر دی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری ہے۔۔۔ اور قوم کے حوصلے بلند ہیں۔