گولڈن گلوبز کی میزبان نکی گلیزر خود کو نئے چیلنجز دینے کے لیے تیار

Calender Icon اتوار 4 جنوری 2026

لاس اینجلس (شوبز ڈیسک)مشہور امریکی کامیڈین اور اداکارہ نکی گلیزر نے گولڈن گلوب ایوارڈز 2026 کی میزبانی سے قبل اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو سے متعلق اپنے ممکنہ لطیفوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔

پیپل میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں 41 سالہ نکی گلیزر نے بتایا کہ وہ اس سال کی تقریب کے لیے پیشگی تیاری کر رہی ہیں اور اسٹیج پر جانے سے پہلے مختلف پہلوؤں پر غور کر رہی ہیں۔ گفتگو کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ وہ لیونارڈو ڈی کیپریو کے حوالے سے پرانے اور بار بار دہرائے جانے والے مذاق سے گریز کریں گی، خاص طور پر ان کی کم عمر خواتین کے ساتھ تعلقات سے متعلق لطیفوں سے۔

نکی گلیزر کا کہنا تھا:
“مجھے نہیں لگتا کہ میں لیو پر وہی لطیفے دہراؤں گی جو ہم پچیس بار سن چکے ہیں، اب وہ باتیں بہت ہو چکی ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال مذاق کے لیے بہت سا نیا مواد موجود ہے اور اس بار ایوارڈز کی تقریب میں شریک ستاروں کی تعداد اور اہمیت گزشتہ سال کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوگی۔
“اس بار ہال میں موجود اسٹار پاور پہلے سے کہیں بڑی ہو گی، مجھے خود کو ذہنی طور پر تیار کرنا پڑ رہا ہے کہ اس کمرے میں کس سطح کے لوگ موجود ہوں گے،” انہوں نے کہا۔

تاہم نکی گلیزر نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ لیونارڈو ڈی کیپریو کو مکمل طور پر نظرانداز نہیں کریں گی، کیونکہ وہ اس رات کے نمایاں ستاروں میں شامل ہوں گے۔ لیونارڈو ڈی کیپریو کو اپنی فلم “ون بیٹل آفٹر اینادر” پر نامزدگی حاصل ہوئی ہے۔

مزاحیہ انداز میں بات کرتے ہوئے نکی گلیزر نے کہا:
“یعنی لیو کا ویپ پین بھی وہاں ہوگا، اسے دیکھنے کے لیے میں بہت پرجوش ہوں۔ اس بار ہال میں بڑے بڑے نام ہوں گے اور اس سال پوڈکاسٹس بھی شامل ہیں، جن پر مذاق کرنا خاصا دلچسپ ہوگا۔”

انٹرویو کے اختتام پر نکی گلیزر نے بتایا کہ وہ اس سال خود کو نئے چیلنجز دینا چاہتی ہیں اور کچھ مختلف کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ نکی گلیزر مسلسل دوسرے سال 2026 کے گولڈن گلوب ایوارڈز کی میزبانی کریں گی، جو 11 جنوری 2026 کو منعقد ہوں گے۔