بھارتی وفد نے جنازے میں شرکت سے روکنے کی کوشش کی، سپیکر قومی اسمبلی کا بڑا انکشاف

Calender Icon پیر 5 جنوری 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کے جنازے میں شرکت سے متعلق ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی وفد نے انہیں جنازے میں شرکت سے زبردستی روکنے کی کوشش کی۔سپیکر قومی اسمبلی کے مطابق پاکستان، مالدیپ، نیپال اور بھوٹان کے وفود کو ایک ہی بس کے ذریعے جنازہ گاہ لایا گیا۔ بس میں سوار ہونے پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور بھارتی ہائی کمشنر فرنٹ سیٹوں پر بیٹھے ہوئے تھے جبکہ بس کے شیشوں پر پردے لگائے گئے تھے تاکہ بنگالی عوام سے بچا جا سکے۔سردار ایاز صادق نے بتایا کہ وہ اپنے ہائی کمشنر کے ساتھ بس میں قدرے پیچھے بیٹھ گئے اور انہوں نے جان بوجھ کر پردے ہٹا دیے، جس کے بعد بنگالی عوام کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیتے رہے۔سپیکر کے مطابق جیسے ہی بس جنازہ گاہ پہنچی تو بھارتی ہائی کمشنر بس کے دروازے پر کھڑے ہو گئے اور انہیں نیچے اترنے سے روکنے کی کوشش کی۔ بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ رش زیادہ ہے اور صورتحال خطرناک ہو سکتی ہے، تاہم سپیکر نے واضح جواب دیا کہ وہ جنازے میں شرکت کے لیے ہی آئے ہیں۔سردار ایاز صادق نے بتایا کہ جب بھارتی ہائی کمشنر نے دروازہ کھولنے سے انکار کیا تو انہوں نے سخت لہجے میں دروازہ کھولنے کا کہا، جس کے بعد وہ نیپال اور مالدیپ کے وفود کے ساتھ بس سے اتر گئے اور بنگالی عوام کے درمیان کھڑے ہو کر نمازِ جنازہ ادا کی۔سپیکر قومی اسمبلی کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور بھارتی ہائی کمشنر بس میں ہی بیٹھے رہے کیونکہ وہ جنازے میں شرکت کے لیے نہیں آئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ہائی کمشنر کی پوری کوشش تھی کہ وہ نمازِ جنازہ ادا نہ کر سکیں اور اس معاملے کو ایک ایشو بنایا جا سکے۔سردار ایاز صادق نے دعویٰ کیا کہ بھارتی وفد مکمل تیاری اور منصوبہ بندی کے تحت وہاں موجود تھا، تاہم وہ اپنے مؤقف پر قائم رہے اور جنازے میں شرکت کی۔