چائلڈ و بانڈڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اعلیٰ سطح اسٹیئرنگ کمیٹی قائم، مریم اورنگزیب

Calender Icon جمعہ 9 جنوری 2026

لاہور:(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چائلڈ اور بانڈڈ لیبر کے خاتمے کے لیے اعلیٰ سطحی اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی ہے۔ اس اقدام کے تحت صوبے میں صنعتی اصلاحات، سماجی انصاف اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دیا جائے گا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے امریکی بزنس لیڈرز DAVID CHEATHAM، BROWNING THORNTON، CHRISTINA CARTON، DANA HYNES اور WILLIAM HAUGH کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں مختلف شعبوں کے کاروباری اداروں کے نمائندے شامل تھے۔ ملاقات میں صحت، تعلیم، ماحولیات، چائلڈ لیبر، زراعت، انڈسٹری اور ای میکانائزیشن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے امریکی وفد کو اپنے وژن پر جامع بریفنگ دی، جس میں چائلڈ اور بانڈڈ لیبر کے خاتمے، ای موبیلٹی وژن، سموگ مٹیگیشن پالیسی، اینٹوں کی صنعت کی میکانائزیشن اور صنعتی ترقی پر زور دیا گیا۔ امریکی وفد نے اسٹیئرنگ کمیٹی کی تشکیل اور پنجاب میں سماجی و صنعتی اصلاحات کو تاریخی اور بروقت اقدام قرار دیا۔

کابینہ کے فیصلوں میں عام شہری، طلبہ، ورکنگ ویمن اور سرکاری ملازمین کے لیے الیکٹرک بائیکس اسکیم، سرکاری ملازمین کے لیے ہیلتھ انشورنس اسکیم اور عوامی انڈومنٹ فنڈ کے آڈٹ شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے تحت 11 ہزار صنعتی بھٹوں کی نگرانی، 9 ہزار صنعتی چمنیوں کو سینٹرل کنٹرول سسٹم سے منسلک کرنا، اور ڈیٹا ڈرِون ٹیکنالوجی کے ذریعے صنعتی اور ماحولیاتی اصلاحات کو موثر بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ماحول دوست صنعت اور گرین ٹرانسپورٹ کے اقدامات جاری ہیں، جن میں ای بسیں، بائیو گیس کے استعمال، تھرمل کیمروں سے گاڑیوں کی مانیٹرنگ، اور 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک بیگز پر پابندی شامل ہے۔ پنجاب کلائمیٹ واچ اور اے کیو آئی ایپ کے ذریعے شہریوں کو بروقت معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے میں 60 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

امریکی وفد نے پنجاب میں پائیدار صنعتی ترقی، ای میکانائزیشن اور سوشل پروٹیکشن پروگرامز کو سراہا اور وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو انقلابی قرار دیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کے تعاون اور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب میں سماجی انصاف، صنعتی ترقی اور ماحول دوست اقدامات کے ساتھ چائلڈ اور بانڈڈ لیبر کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔