ایشیا کپ کا تاج، فیصلہ آج، پاکستان انتقام کیلئے بے تاب، بھارت ہیٹ ٹرک کیلئے تیار

Calender Icon اتوار 28 ستمبر 2025

دبئی(نیوز ڈیسک)ایشیا کپ کا تاج فیصلہ آج، پاکستان انتقام کیلئے بے تاب، بھارت ہیٹ ٹرک کیلئے تیار،فیلڈ اور آف دی فیلڈ تین ہفتوں کی ہنگامہ خیزی کے بعد ایشیا کپ فائنل میں بھی گھمسان کا رن پڑنے کا امکان ہے، 41 سال میں 17 ٹورنامنٹ کے بعد پہلی بار روایتی حریف فائنل میں آمنے سامنے ہونگے، پاکستانی ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ دبائو والے میچز میں جذبات فطری ، تاریخی تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے پرعزم ہیں ،کھلاڑی کھیل پر فوکس رکھیں، کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ جانتے ہیں فائنل میں کیا کرنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کا کرکٹ کنگ کون ہوگا،فیصلہ چند گھنٹوں بعد ہوگا؟ ۔پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ میں ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد فیصلہ کن معرکے میں بازی پلٹنے کے لئے پرعزم ہے،6نہیں 11بھارتی پاکستانی شاہینوں کے نشانے پرہیں،قوم بھی گرین شرٹس کی کامیابی کے لئے دعا گو ہے۔متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں کے شائقین کرکٹ مسلسل تیسرے اتوار کو دونوں ٹیموں کو ایکشن میں دیکھیں گے۔ بڑے ٹاکرے کے لئے کرکٹ کا بخار عروج پر ہے 41سال میں 17 ٹورنامنٹ کے بعد پہلی بار روایتی حریف پاکستان اور بھارت اتوار کو دبئی انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ اس بار پاکستانی شاہین بھارت سے گذشتہ دو شکستوں کا بدلہ لینے کے لئے بےچین ہیں۔توقع ہے اس بار بھی کوئی ہینڈ شیک نہیں ہوگا اور گراونڈ میں کشیدہ ماحول برقرار رہے گا۔ بھارت اب تک آٹھ بار ایشیا کپ ٹرافی جیت چکا ہے، جبکہ پاکستان آخری بار 2012 میں چیمپئن بنا تھا۔پاکستان نے یہ ٹرافی دو بار جیتی ہے۔ایشیا کپ میں بھارت 11 مرتبہ فائنل میں پہنچا تو پاکستان نے 5 بار فائنل کھیلا لیکن ایک دوسرے کے سامنے فائنل میں نہ آسکے۔تین بار پاکستان فائنل میں شکست سے دوچار ہوا، ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت اب تک 10 مرتبہ مدمقابل آچکے ہیں، 8 میں بھارت نے کامیابی حاصل کی اور 2بار پاکستان کامیاب ہوا۔ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ میرا آف دی فیلڈمعاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔میرا کرکٹ سے تعلق ہے اور میری کھلاڑیوں کو یہی ہدایت ہے کہ وہ کرکٹ پر فوکس کریں۔ بھارت کے خلاف صرف کھیل پر توجہ دی جائے، دباؤ والے میچز میں جذبہ آنا فطری بات ہے مگر ہمیں اپنی توانائی کھیل پر مرکوز رکھنی ہوگی۔ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان کی کارکردگی کمزور تھی مگر دوسرے میچ میں ٹیم نے بہتر فائٹ کی تھی۔ ہم نے پچھلے میچ میں بھارت کو کافی دیر تک دباؤ میں رکھا، مگر میچ ختم کرنے کے لیے ہمیں یہ دباؤ زیادہ دیر تک برقرار رکھنا ہوگا، یہی ہماری اصل آزمائش ہے۔ ٹیم نے مسلسل کامیابیوں کے بعد اعتماد حاصل کیا ہے اور اب کھلاڑی اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ میچ جیتنے کے لیے ہمیں یہ دباؤ زیادہ دیر تک برقرار رکھنا ہوگا، یہی ہماری اصل آزمائش ہے۔کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں ہم نے فائنل میں کیا کرنا ہے، ہم تیار ہیں اگر آپ ایسے میچز جیتیں تو آپ واقعی خاص ٹیم ہیں۔ جس طرح بولرز نے بولنگ کی اور فیلڈر نے فیلڈنگ میں کارکردگی دکھائی وہ بہترین ہے۔