ممبئی کرائم برانچ نے دلیپ چودھری نامی شخص کو مغربی بنگال کے ضلع سے گرفتار کیا ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے مشہور کامیڈین اور اداکار کپل شرما کو ایک کروڑ روپے کے بھتہ کی دھمکی دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ پولیس کے مطابق، دلیپ نے کپل شرما کو ایک ای میل بھیجی جس میں اس نے خود کو گینگسٹرز گولڈی برار اور روہت گودارا کے گروہ کا رکن ظاہر کیا۔ اب یہ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا ملزم کے واقعی ان گینگز سے تعلقات ہیں یا وہ صرف ان کے نام استعمال کر رہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق دلیپ نے کپل شرما کو سات فون کالز کے ذریعے دھمکیاں دی تھیں۔ اس نے ویڈیو کال کے ذریعے بھی خوف پیدا کیا اور ایک کروڑ روپے کی وصولی کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ اس نے ایک اور نمبر سے بھی دھمکیاں دی تھیں۔
یہ گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چند ہفتے قبل کپل شرما کے کینیڈا کے شہر سرے میں قائم ریسٹورنٹ ’کپس کیفے‘ پر دو بار فائرنگ کی گئی تھی۔
ان واقعات اور حالیہ دھمکیوں کے بعد ممبئی پولیس نے کپل شرما کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔ پولیس معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھمکیوں کے پیچھے کون سے گروہ یا عناصر ملوث ہیں۔
کپل شرما کے او ٹی ٹی شو ”دی گریٹ انڈین کپیل شو“ کا حالیہ سیزن ختم ہو چکا ہے۔ شو نہ صرف بھارت میں بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہے۔ پچھلے سیزن کے آخری ایپیسوڈ میں بالی ووڈ کے مشہور اداکار اکشے کمار مہمان کے طور پر شریک ہوئے تھے۔