پاکستانی اداکار، ہدایتکار اور مصنف شمعون عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ مقبول ڈرامہ ’جن کی شادی ان کی شادی‘ کا خیال، کہانی اور نام ان کی تخلیق ہے، لیکن انہیں اس کا کریڈٹ نہیں دیا گیا۔
شمعون عباسی نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ یہ آئیڈیا ان کا ہے، انہوں نے ہی نام تجویز کیا اور اسکرپٹ کے لیے مصنف کو ڈکٹیٹ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اصل میں اس ڈرامے کو خود ڈائریکٹ کرنا چاہتے تھے مگر بعد میں ہدایت کاری کے لیے سیفِ حسن کو لیا گیا، جنہوں نے ڈرامے کو عمدہ انداز میں پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ، ’کاش تخلیق کار اتنی مہربانی کر لیتے کہ میرا نام شامل کر دیتے۔ اگر بطور ہدایتکار نہیں تو کم از کم بطور اسکرین پلے رائٹرہی سہی ، کیونکہ میں نے چار ماہ اس پراجیکٹ پر ایک مصنف کے ساتھ بیٹھ کر ہر سین اور ٹریک پر کام کیا۔‘
ان کے مطابق ڈرامے کی ٹیم کو دی جانے والی اسکرپٹ کاپیوں پر آج بھی ان کا نام درج ہے، لیکن جب ڈرامہ آن ائیر ہوا تو ان کا نام مکمل طور پر ہٹا دیا گیا۔ اس کے باوجود وہ خوش ہیں کہ ان کا آئیڈیا عوام کو پسند آیا اور ڈرامہ کامیاب رہا۔
ڈرامے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شمعون نے دنیا بھر کے ناظرین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا، ’میں دنیا بھر کے ناظرین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے سیریل ’جن کی شادی ان کی شادی‘ کو پسند کیا۔ یہ میرا آئیڈیا اور اسکرین پلے ہے، الحمدللہ عوام میری کہانیوں سے جڑ رہے ہیں۔‘
شمعون عباسی نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا، ’یہ پوسٹ صرف آگاہی کے لیے ہے، کسی سے لڑائی یا چیلنج کے لیے نہیں۔ لیکن اگر کسی کو لڑائی چاہیے تو یہ ذہن میں رکھیں کہ میرے پاس اپنے حق میں کئی طرح کے شواہد موجود ہیں۔‘
آخر میں انہوں نے اس تجربے کو ایک سبق قرار دیا ’کبھی بھی اپنی محنت کسی کو بغیر منصوبہ بندی کے نہ دیں۔‘
”جن کی شادی ان کی شادی“ ایک ہارر کامیڈی ڈرامہ ہے۔ اس کی کہانی سید نبیل نے لکھی ہے جبکہ ہدایتکار سیف حسن ہیں۔ کاسٹ میں وہاج علی، سحر خان، ارسلان نصیر اور رومیزہ خان سمیت کئی نامور فنکار شامل ہیں۔ ڈرامہ ہلکی پھلکی کامیڈی کے رنگ لیے ہوئے ہے اور ناظرین میں مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔