ایشیا کپ کے آغاز سے قبل بھارت میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ کا بائیکاٹ کرنے کی باقاعدہ مہم جاری تھی، لیکن اب پاکستان سے میچ کا بائیکاٹ کرنے کا شور کرنے والے انتہا پسند بھارتی بڑی اسکرینز پر فائنل دیکھیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشیا کپ کا فائنل بھارت میں 100 سے زائد سینما گھروں میں دکھایا جائے گا۔
بھارت کی معروف ملٹی پلیکس چین پی وی آر انوکس (PVR Inox) نے ملک بھر میں 100 سے زائد اسکرینوں پر اس میچ کی براہِ راست نمائش کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلگام حملے کے بعد کرکٹ شائقین نے اس مقابلے کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
جب ٹورنامنٹ شروع ہوا تو بھارتیوں کا غصہ اور حب الوطنی اپنے عروج پر تھی اور کسی کو میچز کی پرواہ نہ تھی لیکن بھارت اور پاکستان کے سپر فور کے مقابلے کے بعد حالات بدل گئے۔
سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی دلچسپی نے اس بات کا ثبوت دیا کہ پاک بھارت میچز ہر کسی کی توجہ کا مرکز ہیں۔
چونکہ یہ پہلا موقع ہے جب ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے اور یہ میچ کروڑوں ناظرین کی توجہ کا مرکز ہوگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملٹی پلیکس نے آئی ٹی ڈبلیو یونیورس اور ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری میں ملک بھر کے 100 سے زائد تھیٹروں میں اس میچ کی نشریات کا انتظام کیا ہے۔ ٹکٹ آن لائن ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ آج 28 ستمبر کو دبئی میں ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے۔ گروپ اور سپر فور مرحلے میں بھارتی ٹیم تمام میچز جیت کر فائنل میں پہنچی ہے۔ اسی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم گروپ اور سپر فور مرحلے میں بھارت سے دو بار ہار چکی ہے جس کے بعد اب تیسری مرتبہ دونوں ٹیمیں ٹکرانے کو تیار ہیں۔
بھارت نے دبئی میں اپنے دوسرے گروپ میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی، اور پھر سپر فور مرحلے میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کی تھی۔