اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور لائف لائن ری ہیب سنٹر اسلام آباد کے چیف ایگزکٹو آفیسر ڈاکٹر فضل واحد نے سویٹ ہوم اسلام آباد میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب میں ئمعاہدے پر دستخط کئے جس کے تحت چکری کے مقام پر پاکستان گریٹ ہوم ری ہیب سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ سویٹ ہوم کے زیر انتظام پہلے بھی اعلی معیار کے کئی ایک فلاحی اور تعلیمی ادارے فاطمتہ الزہرا ہسپتال چکری، فاطمتہ الزہرا دسترخوان سول ہسپتال راولپنڈی، فاطمتہ الزہرا بلڈ بنک فارتھیلسیمیا اور ہیموفیلیا، فری بلڈ بنک سروس، سویٹ ہوم سکھر، پری کیڈٹ کالج گوجر خان کے نام سے کام کر رہے ہیں۔ نئے معاہدے کے تحت پچاس بیڈ کے ری ہیب سنٹر کا قیام سویٹ ہوم کے انسانی خدمت کے اداروں میں بہترین اضافہ ہوگا۔ پاکستان گریٹ ہوم ری ہیب سنٹر کے قیام سے علاقے کے عادی افراد کو بحالی کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور انہیں دوبارہ معاشرے کا مفید شہری بنایا جائے گا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا کہ ملک کی خدمت اور بالخصوص سویٹ ہوم کے بے سہارا بچوں اور بچیوں کی بہترین تعلیم، عمدہ کفالت اور اعلی دیکھ بھال اُن کی زندگی کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویٹ ہوم کا مشن ہم سب کا مشن ہے اور ہم سب نے اس عظیم مقصد کو آگے بڑھانا ہے۔ تقریب میں سویٹ ہوم کے بچوں، عمائدین علاقہ، سینئر افسران اور سینئر میڈیا پرسنز نے بھی شرکت کی۔
پاکستان سویٹ ہوم، لائف لائن ری ہیب سینٹر میں معاہدہ
جمعرات 15 جنوری 2026












