لاہور(نیوز ڈیسک) خیبرپختونخواہ میں جاری نیشنل ورکشاپ کے شرکاء کی لاہور آمد کے موقع پر کمانڈر لاہور کور کے ساتھ خصوصی نشست منعقد ہوئی۔ ملاقات خوشگوار اور سنجیدہ ماحول میں ہوئی جس میں قومی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر کور کمانڈر لاہور نے کہا کہ پاک فوج گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے خیبرپختونخواہ میں دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار ہے اور اس جدوجہد میں عوام کی بھرپور حمایت فیصلہ کن ثابت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی ہے اور دشمن کے تمام عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
کور کمانڈر نے خیبرپختونخواہ کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی غیور عوام دشمن کے سامنے ایک بہت بڑی طاقت ہیں اور ریاست کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص اور معرکۂ حق کی کامیابی کے بعد آج پاکستان دنیا میں ایک مختلف اور مضبوط پہچان کے ساتھ سامنے آیا ہے۔
نیشنل ورکشاپ کے شرکاء نے کور کمانڈر لاہور کی جانب سے عزت افزائی اور پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ کی عوام بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں اور ملکی دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کے کردار پر فخر کرتی ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر قومی یکجہتی، باہمی اعتماد اور ملک کے روشن مستقبل کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔












ہفتہ 17 جنوری 2026 