تربت(نیوز ڈیسک)کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول 2026 اپنی نوعیت کا پہلا اور تاریخ ساز ایونٹ ثابت ہوا جو بارہ روز تک جاری رہنے کے بعد شاندار انداز میں اختتام پذیر ہو گیا۔ فیسٹیول نے نہ صرف کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا بلکہ نوجوانوں میں صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کا شعور بھی اجاگر کیا۔
اختتامی تقریب کا آغاز حاجی لیاقت کلب کراچی اور ڈی سی الیون کیچ کے درمیان سنسنی خیز فٹبال میچ سے ہوا، جسے دیکھنے کے لیے اسپورٹس گراؤنڈ میں شائقین کا جمِ غفیر امڈ آیا۔ میچ کے دوران کھلاڑیوں کی بھرپور کارکردگی نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
تقریب میں صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ، معززینِ علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور ہزاروں شہری موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے فیسٹیول کے انعقاد کو کیچ کے نوجوانوں کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
بارہ روزہ فیسٹیول کے دوران کرکٹ، فٹبال اور والی بال کے شاندار مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں بلوچستان کے مختلف اضلاع کے علاوہ ایران سے آنے والی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔ بین الاقوامی ٹیموں کی شرکت نے کیچ اسپورٹس فیسٹیول کو علاقائی ہم آہنگی اور دوستی کی علامت بنا دیا۔
اختتامی تقریب میں شاندار میوزیکل پروگرام اور دلکش آتش بازی کا بھی اہتمام کیا گیا، جس نے تقریب کے رنگ کو دوبالا کر دیا۔ مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول نے نوجوانوں کے امن پسند اور ترقی پسند سوچ کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔ فیسٹیول نے یہ واضح پیغام دیا کہ کیچ کے عوام دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے میں مثبت، تعمیری سرگرمیوں کے فروغ کے خواہاں ہیں۔
عوامی حلقوں کے مطابق یہ ایونٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کے عوام کھیلوں کے فروغ، سماجی ہم آہنگی اور پُرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے پرعزم ہیں، اور ایسے فیسٹیول مستقبل میں بھی جاری رہنے چاہییں۔












اتوار 18 جنوری 2026 