ایف بی آر کی جانب سے اہم اعلان

Calender Icon پیر 29 ستمبر 2025

اسلام آباد :ٹیکس سال 2025 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی،ایف بی آرنے واضح کر دیا،میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی خبریں بے بنیاد ہیں،بعض عناصر توسیع کی اس افواہ کو حالیہ سیلاب سے بھی جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ترجمان ایف بی آر کے مطابق اس طرح کی خبریں غلط، بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ٹیکس دہندگان کی بڑی اکثریت ان علاقوں میں مقیم ہے جو سیلاب سے متاثر نہیں ہوئے۔ٹیکس دہندگان کو اپنا قومی فرض پورا کرنے یعنی ریٹرن جمع کرانے کے لیے کافی وقت میسر رہا ہے۔یہ خبریں بھی بے بنیاد ہیں کہ IRIS سسٹم سست روی کا شکار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایف بی آر کا IRIS پلیٹ فارم مکمل طور پر فعال ہے اور بخوبی کام کر رہا ہے۔ٹیکس گزار نئے متعارف کردہ سادہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے ذریعے باآسانی اپنے ریٹرن فائل کر سکتے ہیں۔آخری تاریخ تک ریٹرن فائل نہ کرنے والے لیٹ فائلر تصور ہوں گے اور ان پر قانون کے مطابق جرمانے عائد کیے جائیں گے۔تمام اہل ٹیکس گزار کسی بھی قانونی کاروائی سے بچنے کے لیے 30 ستمبر 2025 کی آخری تاریخ سے پہلے اپنے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں۔