دنیا کے امیر ترین سیاستدانوں کی فہرست جاری، پیوٹن بازی لے گئے

Calender Icon جمعہ 23 جنوری 2026

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں سیاست اور دولت کے امتزاج پر ایک بار پھر بحث شروع ہو گئی ہے، جب مختلف عالمی رپورٹس میں امیر ترین سیاستدانوں کی فہرست سامنے آئی ہے۔ اندازوں کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اس فہرست میں سرفہرست ہیں، جن کی دولت تقریباً 200 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے، تاہم ان کے اثاثوں کے بارے میں سرکاری طور پر تصدیق موجود نہیں۔

فہرست کے مطابق بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو 9 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 7.2 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر شامل ہیں۔ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کی دولت تقریباً 5 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ کی دولت کا تخمینہ 1.5 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، جبکہ ایکویٹوریل گنی کے صدر تیودورو مباسوگو کے اثاثے 600 ملین ڈالر کے قریب بتائے جاتے ہیں۔ آذربائیجان کے صدر الہام علییف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور روانڈا کے صدر پال کاگامے کی دولت تقریباً 500، 500 اور 500 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔

جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا 450 ملین ڈالر کے ساتھ فہرست میں شامل ہیں، جبکہ کینیا کے صدر ولیم روتو کے اثاثے 400 ملین ڈالر بتائے جاتے ہیں۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کی دولت تقریباً 31.5 ملین ڈالر ہے، جبکہ کینیڈا کے معروف سیاستدان مارک کارنی کے اثاثے 21.5 ملین ڈالر بتائے گئے ہیں۔

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کی دولت کا تخمینہ 20 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔ سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ کے اثاثے تقریباً 5 ملین ڈالر، فلپائن کے صدر بونگ بونگ مارکوس کے 3.5 ملین ڈالر اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے اثاثے 2.4 ملین ڈالر بتائے جاتے ہیں۔

فہرست کے آخری نمبروں میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو شامل ہیں، جن کی دولت تقریباً 2 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ان میں سے کئی شخصیات کی دولت سرکاری گوشواروں کے بجائے تخمینوں اور مبینہ اثاثوں پر مبنی ہے، جس پر عالمی سطح پر شفافیت سے متعلق سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔