صدر ٹرمپ کا 21 نکاتی منصوبہ، غزہ کی جنگ ختم کرنے کیلئے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سےملاقات

Calender Icon پیر 29 ستمبر 2025

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 21 نکاتی منصوبہ، غزہ کی جنگ ختم کرنے کیلئے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے پیر کو ملاقات۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کی جنگ کے خاتمے کیلئے 21 نکاتی منصوبہ پیش کیا ہے جس پر پیر کو وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات ہوگی۔ یہ دونوں رہنماؤں کی رواں سال چوتھی ملاقات ہوگی۔
منصوبے کے اہم نکات میں فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار کرنا، غزہ کا مستقبل طے کرنا اور باقی 20 اسرائیلی یرغمالیوں سمیت ہلاک شدہ افراد کی باقیات کی رہائی کے بدلے سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔
منصوبے کے تحت:
• اسرائیل فوری طور پر تمام فوجی کارروائیاں بند کرے گا۔
• حماس کو اقتدار چھوڑنے اور غیر مسلح ہونے پر مجبور کیا جائے گا۔
• فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات کی جائیں گی۔
• قطر پر مزید حملے نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے گی۔
• غزہ کیلئے اقتصادی ترقی کا منصوبہ دیا جائے گا اور وہاں کے عوام کو واپسی کا حق دیا جائے گا۔
• کسی کو زبردستی غزہ چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔
امریکی اور علاقائی طاقتوں کی ضمانت کے ساتھ غزہ کا انتظام ایک عبوری حکومت کے حوالے کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
منصوبہ اس وقت سامنے آیا جب صدر ٹرمپ نے اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر آٹھ مسلم ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ان میں قطر، سعودی عرب، ترکی، پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن اور متحدہ عرب امارات شامل تھے۔
دوسری جانب کینیڈا نے بھی بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو یا وزیر دفاع گیلنٹ کینیڈا میں داخل ہوئے تو انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ کینیڈین حکومت نے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے وارنٹس کو تسلیم کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ عدالت نے نیتن یاہو پر الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں خوراک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ اسرائیلی حکام نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹ قرار دیا ہے۔