پاکستان کے مالیاتی شعبے میں ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں کویت کے تعاون سے رقمی اسلامک ڈیجیٹل بینک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو آئندہ ماہ پاکستان میں اپنے باقاعدہ آپریشنز کا آغاز کرے گا۔ اس منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر 10 کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق رقمی اسلامک ڈیجیٹل بینک کو کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی (KIA) کی معاونت سے قائم کیا گیا ہے، جبکہ اس منصوبے کی تکمیل میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) نے مؤثر سہولت کاری فراہم کی۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان کے مالیاتی شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت اور ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ کی جانب بڑا قدم ہے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے اس موقع پر کہا کہ یہ سرمایہ کاری پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معیشت اور جاری اصلاحات پر عالمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سرمایہ کاری پاکستان کی معاشی سمت اور اصلاحاتی پالیسیوں پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کی عکاس ہے، جبکہ پاکستان اور کویت کے درمیان مالیاتی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
خرم شہزاد کے مطابق یہ سرمایہ کاری پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے اور مالیاتی نظام کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔ رقمی بینک مکمل طور پر ایک ڈیجیٹل اسلامی بینک کے طور پر کام کرے گا جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بینکاری نظام کو زیادہ مؤثر بنانا اور زیادہ سے زیادہ افراد کو مالی نظام سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ سے مالی شمولیت میں اضافہ ہوگا، کاروباری سرگرمیوں کو تقویت ملے گی اور پاکستان کا مالیاتی نظام جدید خطوط پر استوار ہو سکے گا۔ ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری سے جدید اور پائیدار مالیاتی نظام کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔












اتوار 25 جنوری 2026 