کوئٹہ کے مشرق میں واقع ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب خودکش دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی آواز مشرقی علاقے ماڈل ٹاؤن اور اطراف میں دور تک سنی گئی جو کہ ایک حساس علاقہ ہے۔ خودکش دھماکے کے نتیجے میں قریبی گھروں اور عمارتوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق، یہ خودکش حملہ فتنۃ الہندوستان کی کارروائی ہے، حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھا اور اس کے ساتھ پانچ دیگر دہشت گرد بھی موجود تھے۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں خودکش حملہ آور سمیت تمام چھ دہشت گرد مارے گئے۔ جبکہ فائرنگ اور دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کے دو جوان زخمی ہوئے۔
وزیرِ صحت بلوچستان بخت کاکڑ نے 10 افراد کے مارے جانے اور 33 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
وزیر صحت کے مطابق 10 میں سے 5 افراد موقع پر اور 5 دوران علاج دم توڑ گئے۔
وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ اور سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمٰن نے سول اسپتال کوٸٹہ، بی ایم سی اسپتال کوٸٹہ اور ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز فارماسسٹس، اسٹاف نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہسپتالوں میں موجود ہیں۔