شائقین کرکٹ کا بابر اعظم کی قومی ٹیم میں واپسی کا مطالبہ زور پکڑ گیا

Calender Icon منگل 30 ستمبر 2025

ایشیا کپ فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی شائقین کرکٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کی اسکواڈ میں واپسی کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔

ایشیا کپ فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 146 رنز بنائے اور 19.1 اوورز میں پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔ ایک موقع پر 113 کے اسکور پر صرف ایک کھلاڑی آؤٹ تھا مگر اچانک بیٹنگ لائن زمین بوس ہوگئی اور صرف 33 رنز کے اضافے پر 9 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، بھارت نے 147 رنز کا آسان ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر دو گیندیں قبل حاصل کرلیا۔

ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم کا مڈل آرڈر بار بار ناکام ہوا، جس نے مداحوں میں شدید مایوسی پیدا کی اور قیادت میں تبدیلی کی بحث کو جنم دیا۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن کی ناقص کارکردگی کے بعد شائقین کو بابراعظم کی کمی شدت سے محسوس ہوئی، شکست کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر کپتان اور مڈل آرڈر پر تنقید کا طوفان کھڑا ہوگیا۔


ایک مداح نے لکھا کہ براہ کرم بابراعظم کو واپس لائیں، پاکستان کی کرکٹ ان کے بغیر نامکمل ہے، ایک اور صارف نے کہا کہ بابراعظم کی بہت یاد آرہی ہے۔


معروف اسپورٹس صحافی سلیم خالق نے بھی بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ بابراعظم کو واپس لائیں، اور شاہین آفریدی کو کپتان بنائیں۔


واضح رہے کہ بابراعظم کو 9 ماہ قبل اسٹرائیک ریٹ کے باعث ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تھا، تاہم موجودہ مڈل آرڈر کی مسلسل ناکامی کے بعد مداحوں کا کہنا ہے کہ بابراعظم کا اسٹرائیک ریٹ آج کے ناکام بلے بازوں سے بہتر ہے۔