ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمت عملی نے پاکستان کو سیاحت کے نئے مواقع اور توجہ کا مرکز بنا دیا

Calender Icon منگل 27 جنوری 2026

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایس آئی ایف سی کی معاونت اور مربوط حکمتِ عملی کے باعث پاکستان کا سیاحتی شعبہ نئی ترقیاتی جہتوں کی جانب گامزن ہو گیا ہے، جس سے ملک خطے میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے لیے توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ سیاحتی اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان جنوبی ایشیا میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش ہب کی صورت اختیار کر رہا ہے۔

پاکستان کے سیاحتی شعبے میں جدید انفراسٹرکچر اور بہتر سہولیات کی فراہمی سے سیاحتی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لیے ’’سسٹین ایبل ٹورزم ایکسپو اینڈ فورم‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان تاریخی اور ثقافتی ورثے سے مالا مال ملک ہے، جہاں بے شمار سیاحتی مقامات اور دنیا کی بلند ترین چوٹیاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری اور عالمی شراکت داری کے لیے منافع بخش اور پُرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔

ایس آئی ایف سی اور بورڈ آف انویسٹمنٹ نے پاکستان کو پائیدار سیاحت کے لیے ممتاز مقام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایس آئی ایف سی کی سہولت سے آن لائن ویزا اور ویزا آن ارائیول کی سہولیات نے پاکستان کو غیر ملکی سیاحوں کے لیے مزید پرکشش بنا دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایس آئی ایف سی کی مؤثر اور مربوط اصلاحات پاکستان کو ایک ابھرتے ہوئے سیاحتی پاور ہب میں تبدیل کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔