ہیری پوٹر کی مصنفہ کا ایما واٹسن اور ڈینیئل ریڈکلف سے تنازعہ شدت اختیار کرگیا

Calender Icon منگل 30 ستمبر 2025

ہیری پوٹر سیریز کی مصنفہ جے کے رولنگ نے اپنی فلموں کے مرکزی اداکاروں ایما واٹسن اور ڈینیئل ریڈکلف کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انہیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں اداکاروں کی تنقید کے بعد انہیں قتل، ریپ اور تشدد کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ایما واٹسن نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ وہ رولنگ کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر کرنا چاہتی ہیں۔ رولنگ نے اس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’35 سالہ واٹسن اس بات سے بھی لاعلم ہیں کہ وہ کتنی بے خبر ہیں۔‘‘

برطانوی مصنفہ نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں واضح کیا کہ ایما واٹسن نے اپنی زندگی کی بیشتر جدوجہد دولت اور شہرت کے سائے میں نہیں دیکھی، جبکہ انہوں نے خود غربت میں رہتے ہوئے وہ کتاب لکھی جس نے ایما کو شہرت دلائی۔ رولنگ کے مطابق انہیں بخوبی احساس ہے کہ خواتین کے حقوق کی پامالی، جس میں ایما نے بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا، عام خواتین اور لڑکیوں کے لیے کتنی تکلیف دہ ہے۔

مصنفہ نے اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایما کو حق حاصل ہے کہ وہ ان سے اختلاف کریں اور اپنی رائے عوام کے سامنے رکھیں، لیکن انہیں بھی یہی حق حاصل ہے اور انہوں نے آخرکار اس کا استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ تنازعہ دراصل رولنگ کے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے حوالے سے بیانات سے شروع ہوا تھا، جس نے نہ صرف شائقین بلکہ ہیری پوٹر سیریز کے مرکزی فنکاروں کو بھی ان سے دور کر دیا تھا۔ جہاں ایما واٹسن اور ڈینیئل ریڈکلف جیسے فنکار کھل کر ٹرانس جینڈر حقوق کی حمایت کر رہے ہیں، وہیں رولنگ اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔

اس صورت حال نے ہیری پوٹر فرنچائز کے مداحوں اور ناقدین دونوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں فنکاروں کے ذاتی خیالات اور ان کے پیشہ ورانہ تعلقات کے درمیان حد فاصل کھینچنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ رولنگ کا یہ تازہ بیان اس کشمکش کو مزید گہرا کرتا نظر آ رہا ہے۔