ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز

Calender Icon پیر 2 فروری 2026

ملک بھر میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔

سندھ میں 7 روزہ پولیو مہم
ترجمان محکمۂ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں رواں سال کی پہلی انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع ہو گی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ چنیسر گوٹھ کراچی میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کریں گے۔

7 روزہ مہم میں 1 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انسدادِ پولیو مہم میں 80 ہزار سے زائد پولیو ورکرز خدمات انجام دیں گے۔

بلوچستان میں بھی انسدادِ پولیو مہم شروع

ایمرجنسی آپریشن سینٹر حکام کے مطابق بلوچستان میں 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم شروع ہو گئی۔

مہم میں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

صوبے میں انسدادِ پولیو مہم میں 11 ہزار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

بلوچستان میں 15 ماہ میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

خیبر پختون خوا میں 5 روزہ پولیو مہم شروع
محکمۂ صحت خیبر پختون خوا کے مطابق صوبے میں رواں سال کی پہلی 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع ہو گئی۔

صوبے میں 65 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

مہم کے لیے 35 ہزار پولیو ٹیمیں اور 50 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

صوبائی دارالخلافہ پشاور میں 8 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

گزشتہ سال صوبے میں پولیو کے 20 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

پنجاب میں بھی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز
سرگودھا میں مہم کا آغاز
سرگودھا میں کمشنر حافظ شوکت علی نے بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔

ڈپٹی کمشنر سرگھودھا کا کہنا ہے کہ آج سے شروع ہونے والی مہم میں دوران 7 لاکھ 9 ہزار 266 بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائیں جائے گے۔