یوم یکجہتی کشمیر، آزاد کشمیر کے عوام کا کشمیریوں کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ

Calender Icon منگل 3 فروری 2026

مظفرآباد (نیوز ڈیسک) یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر کے شہریوں اور بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور اور پُرجوش انداز میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

کشمیری شہریوں کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے بہادر کشمیری اکیلے نہیں ہیں بلکہ آزاد کشمیر کی عوام ان کے دکھ، درد اور جدوجہد کو دل سے محسوس کرتی ہے اور ان کی آواز بن کر دنیا تک پہنچانا اپنا فرض سمجھتی ہے۔

پیغام میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر ہونے والے تشدد کی شدید مذمت کی گئی۔ کشمیری شہریوں کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کی قربانیاں آزادی کے عزم کو مزید مضبوط کر رہی ہیں اور یہ جدوجہد کسی صورت کمزور نہیں پڑے گی۔

کشمیری عوام کی پاکستان سے محبت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ رشتہ مضبوط ہے اور کبھی کمزور نہیں ہو سکتا۔ شہریوں کے مطابق سبز ہلالی پرچم سے وابستہ امید آج بھی کشمیری عوام کے دلوں میں زندہ ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزادی کی صبح دیکھے گا۔

پیغام میں مزید کہا گیا کہ کشمیری دنیا کے کسی بھی حصے میں ہوں، ان کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور کشمیری عوام ہر حال میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

کشمیری شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور عالمی برادری کو بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل آگاہ کرتے رہیں گے۔