چیئرمین سینیٹ کی صدر کمبوڈین سینیٹ سے ملاقات: تجارت، سرمایہ کاری پر گفتگو

Calender Icon منگل 3 فروری 2026

پنوم پن:(نیوزڈیسک)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کمبوڈیا کے سرکاری و پارلیمانی دورے کے دوران اپنی مصروفیات کا آغاز کرتے ہوئے کمبوڈیا کی سینیٹ کے صدر تیچو ہن سین سے ملاقات کی جس میں پارلیمانی تعاون کے فروغ کے ساتھ سیاسی اور معاشی روابط مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی تعاون کے نئے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کمبوڈیا کے انڈیپنڈنس مونومنٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پھول چڑھا کر قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کمبوڈیا کی آزادی اور قومی جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے آنجہانی فادر پریاہ بوروم رتناک کاؤدھ کے شاہی مجسمے پر بھی حاضری دی۔

سولیڈیرٹی پیلس میں چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ دیا گیا جہاں سید یوسف رضا گیلانی نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان پارلیمانی، سیاسی اور عوامی روابط مزید مستحکم ہو رہے ہیں اور یہ دورہ باہمی اعتماد، دوطرفہ تعاون اور مشترکہ مفادات کے فروغ کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ خطے میں پاکستان کے فعال پارلیمانی کردار کا مظہر ہے۔

کمبوڈیا کی جانب سے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی دیا گیا۔