مظفر آباد:(نیوزڈیسک) یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر کے شہریوں اور بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا پُرجوش اور پرتپاک انداز میں اظہار کیا ہے۔ کشمیری شہریوں کے پیغام میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے بہادر کشمیری اکیلے نہیں، آزاد کشمیر کی عوام اُن کے دکھ، درد اور جدوجہد کو محسوس کرتی ہے اور ان کی آواز بن کر دنیا تک پہنچانا اپنا فرض سمجھتی ہے۔
پیغام میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر ہونے والے تشدد کی شدید مذمت کی گئی۔ کشمیری شہریوں کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کی قربانیاں آزادی کے عزم کو مزید مضبوط کر رہی ہیں۔
کشمیری عوام کی پاکستان سے محبت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ رشتہ مضبوط ہے اور کبھی کمزور نہیں ہو سکتا۔ پیغام میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ سبز ہلالی پرچم سے وابستہ امید آج بھی کشمیری عوام کے دلوں میں زندہ ہے، کشمیری دنیا کے کسی بھی حصے میں ہوں، ان کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ کشمیری شہریوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہر حال میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیر آزادی کی صبح دیکھے گا۔












منگل 3 فروری 2026 