میرپور:(نیوزڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ خان، وفاقی وزراء انجینئر امیر مقام اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری مرحوم سابق صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی رہائش گاہ میرپور پہنچے جہاں انہوں نے مرحوم کے صاحبزادگان سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر رہنماؤں نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، مسئلہ کشمیر کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور ان کی سیاسی و سفارتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ہم مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ خان کی قیادت میں تعزیت کے لیے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کی طرف سے مرحوم کے اہل خانہ اور میرپور کے عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا انتقال نہ صرف کشمیر بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے کشمیر کے عالمی سطح پر موقف کو اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا، اور یہ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
بعد ازاں مشیر وزیراعظم اور وفاقی وزراء نے مرحوم کی قبر پر بھی حاضری دی ۔ اس موقع پر وزیراعظم کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔












منگل 3 فروری 2026 