عبدالعلیم، کینیڈین ہائی کمشنر ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری پر گفتگو

Calender Icon منگل 3 فروری 2026

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جس میں دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت کی۔

ملاقات میں کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈا پاکستان سے دوطرفہ تجارت میں مزید فروغ کا خواہاں ہے اور کینیڈین کمپنیاں بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ انہوں نے لائیو اسٹاک، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں پیداوار میں اضافے کا خواہاں ہے اور نجی شعبے کو آگے لا رہا ہے۔ انہوں نے کراچی، حیدرآباد اور سکھر موٹر وے کی تعمیر پر بات چیت کی اور بتایا کہ نئی موٹر وے کو کراچی پورٹ سے منسلک کیا جا رہا ہے، جس سے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے۔ سیالکوٹ سے اسلام آباد موٹر وے کے ذریعے 100 کلومیٹر کا فاصلہ کم ہو جائے گا جبکہ کھاریاں سے روالپنڈی موٹر وے اب چھ لین کی جائے گی۔

عبدالعلیم خان نے مانسہرہ، ناران، کاغان اور چلاس سے گلگت تک موٹر وے کی تعمیر جیسے اہم منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کے ریونیو میں 80 فیصد گاڑیاں ایم ٹیگ کی حامل ہیں اور ڈیجیٹلائزیشن و اصلاحات جاری ہیں۔

ملاقات میں یہ بھی بات کی گئی کہ پاکستان اور کینیڈا دونوں بزنس کمیونٹی کے وفود کا تبادلہ کر سکتے ہیں اور کینیڈین سرمایہ کاروں کو پاکستان آ کر یہاں کاروباری مواقع دیکھنے کی دعوت دی گئی۔