بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کا تعاقب جاری،197دہشت گردہلاک

Calender Icon بدھ 4 فروری 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ تین دنوں سے جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 197 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دہشت گردوں کے خلاف مختلف علاقوں میں تعاقبی اور سینیٹائزیشن آپریشنز تاحال جاری ہیں تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق مادرِ وطن اور معصوم شہریوں کی حفاظت کرتے ہوئے پاک فوج، فرنٹیئر کور، پولیس اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) کے 22 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے معصوم شہریوں، جن میں بلوچ شہری بھی شامل ہیں، کی تعداد 36 ہے۔ شہداء میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی اور ملک کے امن و استحکام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔