شاہد خٹک کی 8 فروری کے لاک ڈاؤن اور سڑکوں کی بندش کی مخالفت

Calender Icon بدھ 4 فروری 2026

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں 2 فروری کو خیبر پختونخوا ہاؤس میں پی ٹی آئی پارلیمانی اجلاس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے 8 فروری کے لاک ڈاؤن اور سڑکوں کی بندش کی مخالفت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے شاہد خٹک کا مؤقف تھا لاک ڈاؤن اور سڑکوں کی بندش سے صوبے کے عوام متاثر ہوں گے، خیبر پختونخوا کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، یہاں احتجاج کا کوئی فائدہ نہیں، کے پی میں لاک ڈاؤن اور سڑکوں کی بندش سے ہمارے لیے مسائل پیداہوں گے۔

ذرائع نے بتانا کہ رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے اجلاس کے دوران شاہد خٹک کی بات کی تائید کی جبکہ شاہد خٹک کا یہ بھی کہنا تھا اڈیالہ جیل کے باہر مظاہروں میں شرکت نہ کرنے والوں کی فہرست بنا دی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر نے اجلاس میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم پر ورکرز کا دباؤ ہے، ہم کس کس کو راضی کریں؟ ہم علیمہ خان کو، ورکرز کو اور اب آپ کو، کس کس کو راضی کریں؟ اگر کچھ کرنا ہی ہے تو پھر تمام اراکین اسمبلی مستعفی ہو جاتے ہیں۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک کا کہنا تھا اجلاس میں جنید اکبر سمیت ہر کسی نے اپنی رائے کا اظہار کیا تھا، میں نےاجلاس میں کہا تھا کہ لاک ڈاؤن سے یہاں کے لوگوں کو مشکلات ہوں گی جبکہ صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا جنید اکبر نے اس معاملے پر مؤقف دینے سے گریز کیا۔