اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کی جانب سے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن رد الفتنہ کی کامیابی پر افواج پاکستان کی قیادت، افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے آپریشن کے دوران بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمنوں کی کمر توڑنے اور مجموعی طور پر 216 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات مندانہ کارروائیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ثابت کیا ہے کہ وہ ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
وزیراعظم نے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 36 معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر دہشت گردوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کے دشمن ہیں۔
وزیراعظم نے وطنِ عزیز کی حفاظت کو اپنی جان پر فوقیت دیتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے 22 سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں کے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ خاک میں ملاتے رہیں گے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دشمنوں کو کسی صورت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔












جمعرات 5 فروری 2026 