واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکا میں وفاقی حکومت باضابطہ طور پر بند ہوگئی ہے کیونکہ کانگریس فنڈنگ بل منظور کرنے میں ناکام رہی۔ یہ پہلا حکومتی شٹ ڈاؤن 2019 کے بعد ہوا ہے۔
آدھی رات کے بعد جیسے ہی وقت ختم ہوا، وفاقی اداروں کے ہزاروں ملازمین کو بغیر تنخواہ کے چھٹی پر بھیج دیا گیا جبکہ ضروری خدمات انجام دینے والے ملازمین کو تنخواہ کے بغیر کام جاری رکھنا پڑے گا۔ کچھ محکمے ایسے بھی ہیں جو کانگریس کی سالانہ فنڈنگ پر انحصار نہیں کرتے، اس لیے ان کے ملازمین پر اثر نہیں پڑے گا۔
ریپبلکنز کا موقف ہے کہ ڈیموکریٹس کو سات ہفتوں کے لیے موجودہ فنڈنگ بڑھانے پر رضامند ہونا چاہیے، جبکہ ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ وہ بڑی رعایتوں کے بغیر ایسا نہیں کریں گے۔
سینیٹرز نے ایوان چھوڑتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں جانتے شٹ ڈاؤن کب تک جاری رہے گا۔ ریپبلکن رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ وہ فنڈنگ بل کو بار بار ایوان میں پیش کریں گے جب تک ڈیموکریٹس ہاں نہیں کرتے اور حکومت دوبارہ کھل نہیں جاتی۔