مری (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری کے علاقے ساملی میں نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے والہانہ استقبال پر وہ مری کے عوام کی بے حد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ایک مشکل اور کٹھن سفر ہے جس میں ذاتی زندگی اور آرام کو قربان کر کے عوام کی خدمت کرنی پڑتی ہے، لیکن ایسے منصوبوں کی تکمیل ہی خدمتِ خلق کے اصل معنی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر انتہائی کم عرصے میں تعمیر کیا گیا، جو مری، گلیات، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے امراضِ قلب کے علاج کی جدید سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں دل کے امراض کے علاج کی سہولت ماضی میں موجود نہیں تھی، جس کے باعث مری اور گردونواح کے مریضوں کو لاہور یا دیگر بڑے شہروں کا سفر کرنا پڑتا تھا۔
اپنے خطاب میں مریم نواز نے مری کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا اور کہا کہ بچپن سے لے کر آج تک مری ان کے دل کے قریب رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لاہور کے بعد نواز شریف اور ان کا خاندان کسی جگہ کو اپنا گھر سمجھتا ہے تو وہ مری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست خدمت کا نام ہے اور عوام کی سہولت کے لیے بنائے گئے اسپتال اور ادارے اس خدمت کی عملی شکل ہیں۔ مریم نواز نے ساملی کے پرانے ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ 1930 کے بعد پہلی مرتبہ اس ہسپتال کی جامع تزئین و آرائش کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر نہ صرف مری کے عوام بلکہ قریبی علاقوں میں بسنے والے ہزاروں لوگوں کے لیے امید اور سہولت کا پیغام ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس ادارے کو اپنا سمجھیں اور اس کا خیال رکھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مریض مستفید ہو سکیں۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ منصوبہ مری اور گردونواح کے عوام کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ حل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دل کے مریض کے پاس زیادہ وقت نہیں ہوتا، اور اکثر لوگ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں سے راولپنڈی یا اسلام آباد جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ دیتے تھے۔ ایسے حالات دیکھ کر فیصلہ کیا کہ مری میں پہلا کارڈیالوجی سینٹر قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صرف چند ماہ میں یہ جدید سہولت قائم ہوئی اور آج الحمدللہ مری میں دل کے امراض کا پہلا کارڈیک سینٹر فعال ہوچکا ہے جہاں پہلے ہی روز پانچ مریضوں کی انجیوگرافی کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ مری، گلیات، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے قریبی علاقوں کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ کارڈیالوجی سینٹر ریکارڈ وقت میں تعمیر ہوا جس میں جدید ترین مشینری اور تربیت یافتہ عملہ دستیاب ہے۔ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ٹیم یہاں روٹیشن پر فرائض سرانجام دے رہی ہے تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج میسر ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہیلتھ منسٹر خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود، وزیر سی اینڈ ڈبلیو صہیب بھرت اور ان کی ٹیم سمیت ڈاکٹر فرقت اور دیگر عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان سب کی محنت کے نتیجے میں ریکارڈ وقت میں مری میں جدید کارڈیالوجی سینٹر قائم ہوسکا۔
مریم نواز نے کہا کہ سیاست کا اصل مقصد عوامی خدمت ہے، اور جب کسی منصوبے کے ذریعے عوام کی زندگیاں بچتی ہیں تو اس سے بڑی خدمت کوئی نہیں ہوسکتی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ مری اور گردونواح کے عوام کو اب دل کے امراض کے علاج کے لیے پنڈی یا اسلام آباد نہیں جانا پڑے گا، یہ سہولت مری میں ہی دستیاب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کارڈیالوجی سینٹر میں وینٹیلیٹرز، اسٹریکٹو کائنیز انجیکشنز، جدید ڈسپوزیبلز اور تمام مطلوبہ طبی آلات کا بھرپور انتظام موجود ہے۔ مریضوں کو بروقت علاج ملنے سے قیمتی جانیں بچائی جا سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ چند دنوں میں یہاں بائی پاس سرجری اور دیگر کارڈیک آپریشنز بھی شروع کر دیے جائیں گے۔ افتتاح کے پہلے ہی دن پانچ مریضوں کی انجیوگرافی کی گئی، جو مری، گلیات اور قریبی علاقوں سے آئے تھے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نواز شریف کی ہدایت پر مری شہر کے اندر بھی ایک اور کارڈیالوجی سینٹر قائم کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو مزید آسانی ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ مری کو بطور ڈسٹرکٹ مکمل انتظامیہ فراہم کر دی گئی ہے۔ پہلے مری کے بیشتر معاملات پنڈی سے چلائے جاتے تھے، اب پولیس، ٹریفک کنٹرول، ہیلتھ اور ایجوکیشن سمیت تمام محکمے مری میں فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مری کے انفراسٹرکچر میں تاریخی ترقی ہوئی ہے، تمام سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی گئی ہے، ہیلتھ کلینکس اور اسکولز اپ گریڈ کیے گئے ہیں جبکہ پانی اور صفائی کے بڑے منصوبے بھی جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مال روڈ کی ریہیبلیٹیشن پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ مری کی سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی ٹورزم فورس بھی تشکیل دی گئی ہے۔ مری کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ستھرا پنجاب پروگرام مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید بتایا کہ مری کے قریب کوٹلی ستیاں اور حوربن میں بھی جدید ہسپتال قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مری کے عوام اور سیاحوں کی سہولت کے لیے گرین بس سروس کا آغاز کیا جائے گا جو طلبہ، خواتین، بزرگوں اور خصوصی افراد کے لیے بالکل مفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مری کی ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور نواز شریف کارڈیالوجی سینٹر جیسے منصوبے عوام کی خدمت کے عزم کا ثبوت ہیں