اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے بیرسٹر سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرنے سے متعلق دو صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے ۔ تحریری حکمنامے کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے متعلق کیس میں اٹارنی جنرل نے عدالت کو ایک رپورٹ سے آگاہ کیا تاہم عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ مذکورہ رپورٹ اس وقت کی ہے جب بانی پی ٹی آئی اٹک جیل میں قید تھے ۔ عدالت نے قرار دیا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں بانی پی ٹی آئی کی حالیہ رہائشی صورتحال سے متعلق نئی رپورٹ طلب کرنا مناسب ہے ۔ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی موجودہ جیل میں رہائش اور دیگر حالات سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی موجودہ رہائشی صورتحال پر تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں ۔ تحریری حکمنامے میں مزہد کہا گیا ہے کہ عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کو باضابطہ طور پر فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کر دیا ہے اور انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ آج جیل کا دورہ کرکے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں اور ملاقات کے بعد ایک تحریری رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔ رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی جیل میں موجودہ حالت، سہولیات اور رہائشی حالات کی تفصیل شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ حکمنامے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو مکمل یقین دہانی کرائی ہے کہ بیرسٹر سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی تک مکمل رسائی دی جائے گی اور انہیں موجودہ حالات کا جائزہ لینے میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہوگا۔ سپریم کورٹ نے سلمان صفدر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی رپورٹ 11 فروری تک عدالت کے چیمبر میں جمع کرائیں جبکہ کیس کی مزید سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
توشہ خانہ کیس: سپریم کورٹ کا بیرسٹر سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرنے کا تحریری حکم
منگل 10 فروری 2026












