خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فرنٹیئر کورعوام کیلئے فلاحی کاموں میں کوشاں

Calender Icon بدھ 11 فروری 2026

پشاور/کوئٹہ (نیوز ڈیسک)خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فرنٹیئر کور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں سرگرم ہے اور دور دراز علاقوں میں شہریوں کو صحت، سماجی سہولتوں اور نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) کی جانب سے ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں شہریوں کے لیے مفت آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں امراضِ چشم میں مبتلا 1200 سے زائد مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا۔ کیمپ کے دوران مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں جبکہ ضرورت مند افراد کو نظر کی عینکیں بھی دی گئیں۔ ایف سی کے اس اقدام سے دور افتادہ علاقوں کے شہریوں کو علاج معالجے کی سہولت میسر آئی۔

دوسری جانب فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) بھی جنوبی بلوچستان میں فلاحی سرگرمیوں میں پیش پیش ہے۔ ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے 298 فری میڈیکل کیمپس کے دوران تقریباً 18 ہزار مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کیں، جس سے مقامی آبادی کو علاج کی سہولت اپنے علاقوں میں ہی میسر آئی۔

عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے 48 کھلی کچہریوں اور جرگوں کا بھی انعقاد کیا، جہاں شہریوں کے مسائل سنے گئے اور موقع پر ہی ان کے حل کے لیے اقدامات کیے گئے۔

نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے جنوری 2026 کے دوران 38 اسپورٹس ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔