اینٹی نارکوٹکس فورس کی گوادر میں بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کیخلاف ایک اور بڑی کارروائی

Calender Icon بدھ 11 فروری 2026

گوادر (نیوز ڈیسک)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے گوادر میں بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1.2 ٹن چرس برآمد کر لی جبکہ دو اسمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اے این ایف نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران پنجگور اور تربت قومی شاہراہ پر ایک مشکوک ٹرک کو روک کر تلاشی لی، جہاں خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔ برآمد کی گئی 1.2 ٹن چرس کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 66.15 ملین امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کافی عرصے سے ایک بدنام زمانہ اسمگلر کی زیر سرپرستی چلنے والے منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کی نگرانی کر رہی تھی۔ ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ برآمد شدہ منشیات افغانستان سے اسمگل کی گئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق یہ بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک پنجگور سے تربت کے راستے گوادر اور پسنی تک منشیات منتقل کرتا تھا، جہاں سے ماہی گیر کشتیوں کے ذریعے خلیجی ممالک، یمن اور تنزانیہ اسمگل کی جاتی تھیں۔

اے این ایف نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ گروہ کے سرغنہ اور دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کا کہنا ہے کہ ملک سے منشیات کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔