اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا ہے کہ بے سہارا افراد کی خدمت زندگی کا بہترین مشن ہے اور یہی وہ راستہ ہے جو ایک مضبوط اور باوقار معاشرے کی تشکیل میں مدد دیتا ہے۔
انہوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے سویٹ ہوم کے بچوں کو نیشنل چلڈرن کنونشن میں شرکت کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔
زمرد خان نے کہا کہ بچوں کے حقوق کا عالمی چارٹر صرف دستاویز تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم ہر بچے کو ملت کے مقدر کا ستارا سمجھ کر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سویٹ ہوم کے بچے آج میڈیکل کالجوں، انجینئرنگ یونیورسٹیوں اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو اس ادارے کی محنت اور وژن کا عملی ثبوت ہے۔
زمرد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم اس وقت تعلیم و تربیت اور انسانی فلاح و بہبود کے دس مختلف ادارے چلا رہا ہے اور ملک بھر میں بے سہارا بچوں کی کفالت اور روشن مستقبل کے لیے اپنا مشن جاری رکھے ہوئے ہے۔












بدھ 11 فروری 2026 