عروب جتوئی کے موبائل کا فرانزک کروانے کی استدعا منظور

Calender Icon بدھ 11 فروری 2026

سیشن کورٹ لاہور نے جوئے کی ایپ کی پروموشن کے مقدمے میں عروب جتوئی کے موبائل کا فرانزک کروانے کی استدعا منظور کر لی۔

ایڈیشنل سیشن جج منصور علی قریشی نے ملزم ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے موقع پر تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ عروب جتوئی کا موبائل فرانزک کروانا ہے جس کے لیے مہلت دی جائے۔

عدالت نے این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر کی استدعا کو منظور کر لیا۔

عدالت میں ملزمہ کے وکیل نے کہا کہ موبائل فرانزک کی رپورٹ ایک دو ہفتوں میں نہیں آتی، رمضان کے بعد کی تاریخ دی جائے۔

اس پر عدالت نے ملزمہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت میں 24 مارچ تک توسیع کر دی۔

جج منصور قریشی نے کہا کہ ملزمہ آئندہ اپنی حاضری یقینی بنائے، عبوری ضمانت میں حاضری معافی اب نہیں ملے گی۔