لندن (ویب ڈیسک) نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے پاکستانی طالبات کے لئے سکالرشپ کا اعلان کر دیا۔
نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ جب انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کی تو ان کے لئے یہ نہایت اہم تھا کہ وہ ان لڑکیوں کے لئے کچھ کریں جو تعلیم کے حق کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
ملالہ نے بتایا کہ یہ سکالر شپ پاکستانی خواتین کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی، خاص طور پر ان خواتین کو جو اپنی تعلیم کے ذریعے پاکستان میں مثبت تبدیلی لانے کا عزم رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی پاکستانی خاتون آکسفورڈ میں ماسٹرز کرنے کا خواب دیکھتی ہے اور وطن واپس آکر معاشرے کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہتی ہے تو یہ موقع ان کے لئے ہے، درخواستیں جمع کرانے کے لیے امیدوار آکسفورڈ پاکستان پروگرام کی ویب سائٹ oxpakprogramme.org پر اپلائی کر سکتی ہیں۔
ملالہ یوسفزئی نے مزید کہا کہ وہ نئی طالبات کو آکسفورڈ میں خوش آمدید کہنے کی منتظر ہیں۔












جمعرات 12 فروری 2026 