خیبر پختونخوا کابینہ میں بڑی تبدیلی سامنے آئی ہے، 8 کابینہ ممبران کے قلمدان تبدیل 2 نئے معاونین خصوصی کو صوبائی حکومت میں شامل کر لیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق خلیق الرحمنٰ سے محکمہ ایکسائز کا قلم دان واپس لےکر انہیں محکمہ صحت کا قلمدان دے دیا گیا، احتشام خان سے محکمہ صحت لے کر انہیں محکمہ ایکسائز کا مشیر بنا دیا گیا جب کہ ارباب عاصم کو محکمہ تعلیم کی زمہ داری سونپی گئی۔
صوبائی وزیر فضل شکور کو محکمہ لیبر کی جگہ سیاحت، صوبائی مشیر زاہد چن زیب سے محکمہ سیاحت کا قلم دان واپس لے کر انہیں محکمہ لیبر کی زمہ داری سونپ دی گئی۔
صوبائی وزیر پختون یار اور فخر جہان کے قلمدان تبدیل کردیے گئے، پختون یار کو محکمہ کھیل اور فخر جہان کو پبلک ہیلتھ دے دیا گیا۔ باجوڑ سے ایم پی اے حمید الرحمن کابینہ میں شامل، معاون خصوصی مقرر، امجد علی کو معاون خصوصی سے وزیر برائے ہاؤسنگ بنا دیا گیا
واضح رہے کہ 30 ستمبر کو بھی خیبر پختونخوا حکومت کے 2 وزرا اقب اللہ خان اور فیصل ترکئی اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے تھے، دونوں وزرا پر علی امین گنڈا پور کے خلاف سازش کا الزام تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے دونوں وزرا کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے شکایت کی تھی، مستعفی وزرا پر علی امین گنڈا پور کے خلاف سازش کا الزام تھا۔
عاقب اللہ خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی تھے جبکہ فیصل ترکئی کے پاس ابتدائی وثانوی تعلیم کی وزارت تھی۔