بانی کی بینائی، فیصلہ وکیل نہیں ڈاکٹرز کرینگے، طلال چوہدری

Calender Icon جمعرات 12 فروری 2026

اسلام آباد (نیوزڈیسک)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی کی کیا پوزیشن ہے یہ فیصلہ وکیل نہیں ڈاکٹرز کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ کوئی ماہر ڈاکٹر اس کا فیصلہ کرے گا اور ماہر ڈاکٹر کو بھیج دیا گیا ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی اب ہمدردی کارڑ کھیل رہی ہے، 8 فروری کے احتجاج میں ناکامی کے بعد یہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے پیچھے چھپنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹ نے ثابت کیا ہے کہ قانون کی حکمرانی ہے، بانی پی ٹی آئی کا جیل میں وہ مینو ہے جو کسی عام آدمی کے گھر میں نہیں ہوتا، بانی پی ٹی آئی کو بروقت ہر چیز مہیا کی جاتی ہے، پی ٹی آئی ایشو اس لیے بنا رہی ہے ان کے پاس اب اور کوئی کارڈ نہیں رہا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ یہ ہمارے سیاسی مخالف ہیں، ذاتی نہیں، ہم نے کبھی یہ نہیں کہا کہ اے سی نکالیں گے، کھانا نہیں لانے دیں گے، بانی پی ٹی آئی کو ہر وہ حق ملنا چاہیے جو قانون میں دیا گیا ہے، اس رپورٹ نے یہ ثابت کیا ہے کہ قانون کی حکمرانی ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ آپ رپورٹ کا پیرا نمبر 9 اور 12 پڑھ لیں، آپ کو معلوم ہوجائے گا بانی پی ٹی آئی کتنے دن مرغ اور کتنے دن گوشت کھاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی پاکستان کے مشہور برانڈز کا منرل واٹر پیتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا جیل میں جو مینو ہے وہ کسی عام آدمی کے گھر میں نہیں ہوتا۔