اسلام آباد(نیوز ڈیسک)انسدادِ دہشتگردی اور باہمی تجارت کے شعبوں میں پاکستان کے کلیدی کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے مؤثر اقدامات اور لازوال قربانیوں کو مسلسل سراہا گیا ہے، جبکہ مؤثر ملٹری ڈپلومیسی اور متوازن سفارت کاری کے باعث پاکستان عالمی منظرنامے پر ایک قابلِ اعتماد اور اہم شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے۔
معاون امریکی وزیر خارجہ پال کپور نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ انسدادِ دہشتگردی کے لیے پاکستان خطے میں امریکہ کا انتہائی اہم شراکت دار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون اور شراکت داری مسلسل فروغ پا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان توانائی اور زراعت کے شعبوں میں دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ انسدادِ دہشتگردی میں تعاون پاکستان کو داخلی اور سرحد پار سیکیورٹی خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے میں مدد دے رہا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر Donald Trump اور دیگر اہم امریکی ریاستی عہدیدار بھی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے مؤثر کردار کا برملا اعتراف کر چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق امریکہ کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کے ساتھ ساتھ معاشی، تجارتی اور تکنیکی شعبوں میں بڑھتی ہوئی شراکت داری پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت کو واضح کرتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دہشتگردی کے خلاف مربوط کارروائیاں کر کے عالمی سطح پر ایک معتبر مقام حاصل کیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق دہشتگردی کے خلاف عملی اقدامات اور مختلف شعبوں میں شراکت داری اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان خطے میں ایک حقیقی نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر ابھر رہا ہے، جو نہ صرف سیکیورٹی بلکہ معاشی اور سفارتی میدان میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔












جمعہ 13 فروری 2026 