پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا بارش کی نذر ہونے کا خدشہ

Calender Icon جمعہ 13 فروری 2026

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں 15 فروری کو ہونے والا پاک بھارت میچ بارش کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

محکمۂ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق کولمبو میں اتوار کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے میچ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا۔

پیشگوئی کے مطابق دوپہر اور شام کے اوقات میں بارش کا امکان 55 سے 60 فیصد تک ہے، درجۂ حرارت زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 22 ڈگری رہنے کی توقع ہے، ہواؤں کے ساتھ دن بھر وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دوپہر 1:30 بجے سے شام 6:30 بجے تک بارش کا امکان 55 سے 59 فیصد کے درمیان رہے گا، جو کہ میچ کے مقررہ اوقات سے براہِ راست مطابقت رکھتا ہے، یہ میچ کولمبو کے معروف آر پریما داسا اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

ٹورنامنٹ کے موجودہ پوائنٹس سسٹم کے تحت اگر میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو 1، 1 پوائنٹ دیا جائے گا۔

سری لنکا کے غیر متوقع موسم نے اس بڑے مقابلے پر خطرات کے بادل منڈلا دیے ہیں، اس سے قبل بھی پاکستان کو وارم اپ میچز کے دوران موسم کی خرابی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دونوں ممالک کے شائقینِ کرکٹ کی نظریں اب موسم پر مرکوز ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ حالات بہتر ہوں تاکہ دنیا بھر کے کرکٹ مداح اس سنسنی خیز مقابلے سے لطف اندوز ہو سکیں۔