کراچی: اورنگی ٹاؤن میں گھر میں فائرنگ سے قرآن پڑھانے والا نابینا شخص جاں بحق

Calender Icon ہفتہ 14 فروری 2026

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گھر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی دانش کے نام سے شناخت ہوئی ہے جس کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نابینا تھا اور یہ واقعہ آپس کی دشمنی کا نتیجہ ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مقتول کے چچا زاد بھائی حماد کے مطابق مقتول دانش پیدائشی نابینا نہیں وہ وقت گزرنے کے بعد نابینا ہوا، مقتول کے دیگر تین بھائی بھی نابینا ہیں، مقتول دانش بلدیہ کے اسکول میں نائب قاصد تھا جو صبح سے شام تک گھر میں بچوں کو قرآن پڑھاتا تھا۔

حماد کے مطابق گھر سے 3 موبائل فون غائب ہوئے تھے جو گھر کے قریب گراؤنڈ سے مل گئے، موبائل فونز میں نابینا افراد کا سافٹ ویئر ٹاک بیک انسٹال تھا، مقتول کی عنقریب شادی تھی اور گزشتہ شب بھی شادی کی شاپنگ کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن میں 2 روز قبل ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا 18 سالہ خذیفہ ولد محمد طارق جناح اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ گیا۔

واضح رہے کہ رواں برس کراچی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔