شاہ رخ خان کی اہلیہ نے 100 سال پرانے آبائی گھر کو لگژری ریزورٹ بنا دیا

Calender Icon ہفتہ 14 فروری 2026

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان کی اہلیہ اور انٹیریئر ڈیزائنر گوری خان نے اپنے 100 سال پرانے آبائی گھر کو لگژری ریزورٹ میں تبدیل کر دیا جہاں ایک رات قیام کے چارجز 1 لاکھ 20 ہزار روپے تک ہو سکتے ہیں۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ گوری خان ایک سپر سٹار کی اہلیہ ہیں لیکن انہوں نے ہمیشہ اپنی انفرادی شناخت برقرار رکھی ہے، خاص طور پر اپنے پیشے کے طور پر انہوں نے انٹیریئر ڈیزائنر کا کام جاری رکھا اور کئی مشہور شخصیات کے گھروں کو خوبصورت بنایا۔

انہوں نے منت میں بھی اپنی ہنر مندی کے جوہر دکھائے جہاں ان کے شوہر شاہ رخ خان اور بچے ان کے ساتھ رہائش پذیر ہیں، حال ہی میں انہوں نے ایک انتہائی ذاتی منصوبے پر کام شروع کیا اور اپنی 1933ء کی آبائی جائیداد کو دوبارہ تعمیر کرکے 6 بیڈرومز والا ولا بنایا جو ڈلہاؤسی میں واقع ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 100 سال پرانی خاندانی جائیداد اب ایک لگژری ریزورٹ میں تبدیل ہو چکی ہے، جو عام لوگوں کیلئے پہاڑی مناظر کے ساتھ دستیاب ہے، یہ وہ جگہ ہے جہاں گوری خان بچپن میں اپنے خاندان اور کزنز کے ساتھ کئی موسم گرما کی تعطیلات گزارہ کرتی تھیں۔

گوری خان کی کزن رستم تیواڑی نے اس لگژری ریزورٹ کی تیاری میں ان کے ساتھ کام کیا، یہ گھر گوری خان کے ماموں تیجندر تیواڑی کی ملکیت ہے۔