کراچی؛ یوپی موڑ کے قریب خوفناک آتشزدگی سے 20 جھگیاں جل کر خاکستر

Calender Icon جمعرات 2 اکتوبر 2025

نارتھ کراچی یوپی موڑ کے قریب جھگیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، شعلوں نے درجنوں کچے مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سے فوری طور پر فائر اینڈ ریسکیو ٹیم مع ایمبولینس اور فائر ٹینڈر جائے وقوعہ پر روانہ کیے گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق چھ گاڑیوں نے آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ سے 20 سے زائد جھگیاں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

فائر آفیسر عارف منصوری کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، کولنگ کا عمل مکمل کرنے کے بعد جائزہ لیا جائے گا۔