اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بانی پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر بانی پی ٹی آئی کی طبی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس فراہم کی جائیں اور ان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر عاصم کو معائنے کی اجازت دی جائے، بانی پی ٹی آئی کو بہتر علاج کی غرض سے الشفا ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔
لطیف کھوسہ نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی گرتی ہوئی صحت اہلخانہ اور عوام کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے، بیماری کے دوران بھی انہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا، عدالتی حکم پر طبی معائنہ تو کیا گیا لیکن اہلخانہ کو اس سے لاعلم رکھا گیا، وکیل نے اس دعوے کو مسترد کیا کہ اہلخانہ اور پارٹی قیادت کو معائنے کے وقت بلایا گیا تھا مگر وہ نہیں آئے۔
لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ اہلخانہ کو آگاہ کیے بغیر خفیہ طبی معائنہ کئی خدشات کو جنم دیتا ہے اور طبی معاملے سے اہلخانہ کو باہر رکھنے سے بے چینی اور شکوک میں اضافہ ہو رہا ہے، خط میں عدالتِ عظمیٰ سے معاملے کا نوٹس لے کر شفاف طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔












پیر 16 فروری 2026 