جدہ (امیر محمد خان) پاک بحریہ کا جدید جنگی جہاز خیبر کیپٹن علی رضا کی قیادت میں خیر سگالی دورے پر جدہ اسلامک پورٹ پہنچ گیا۔ جہاز پر شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے اور کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں پاکستان قونصلیٹ جدہ کے قونصل جنرل سید مصطفی ربانی، ڈپٹی قونصل جنرل، قونصلیٹ افسران سعدیہ وقار نساء غلام حسین، عبداللہ گھمن، عمران علی، عبدالوہاب سومرو، سعدیہ خان، فہد چوہدری، اذکا ء ظفر عاکف جاوید، زینب اسد اور دیگر سفارتی افسران نے شرکت کی۔ عشائیہ میں سعودی تاجروں، سعودی بحریہ کے افسران، پاکستانی کمیونٹی کے اراکین چوہدری شفقت محمود مسعود پوری، چوہدری اظہر عباس وڑائچ، چوہدری تصور حسین، ڈاکٹر شریف زمان، ابو ماجدی، ملک عابد اعوان، جان گلزار، ممتاز اختر کاہلو اور دیگر معززین نے شرکت کی، جبکہ تقریب میں سعودی بحریہ کے افسران بھی موجود تھے۔ قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور کیپٹن علی رضا نے تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ کیپٹن علی رضا نے کہا کہ پی این ایس خیبر حال ہی میں ترکی سے حاصل کیا گیا ہے اور یہ اس کا پہلا بین الاقوامی خیر سگالی دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جہاز جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مکمل جنگی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اسے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے فتح کردہ قلعہ خیبر کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جدہ کے بعد جہاز واپسی کے سفر پر روانہ ہوگا۔ قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے کہا کہ پی این ایس خیبر کا یہ دورہ نہ صرف پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ مہارت کا مظہر ہے بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دفاعی تعاون اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کئی دہائیوں پر محیط ہے جس میں مشترکہ فوجی مشقیں، تربیتی پروگرام، انٹیلی جنس تعاون اور میری ٹائم سیکیورٹی جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے، بحیرہ احمر اور خلیجی آبی گزرگاہوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کے لیے قریبی رابطے میں ہیں۔ تقریب کے دوران مہمانوں نے جہاز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے سعودی بحریہ کے افسران اور جہاز کے کپتان علی رضا کے ہمراہ کیک کاٹنے کی تقریب کی۔ پرتعیش عشائیہ کے بعد کیپٹن علی رضا اور قونصل جنرل سید مصطفی ربانی نے معزز مہمانوں کو الوداع کیا۔ شرکاء نے سعودی دوستی اور دفاعی اعتماد پر خوشی کا اظہار کیا۔













منگل 17 فروری 2026 