پاکستان اور قطرکی انسداد منشیات آپریشن میں ایک اور تاریخی کامیابی

Calender Icon بدھ 18 فروری 2026

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان اور قطر نے انسدادِ منشیات کے شعبے میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی، جہاں مشترکہ آپریشن کے دوران اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4.48 کلوگرام کوکین اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے قطری حکام کے تعاون سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق اے این ایف نے ایک پاکستانی خاتون مسافر کو ایئرپورٹ پر روکا جو شارجہ سے دوحہ کے راستے اسلام آباد پہنچی تھی۔

خاتون کے ہاتھ میں موجود ٹرالی بیگ کی مکمل تلاشی کے دوران 4.48 کلوگرام کوکین برآمد کی گئی، جو انتہائی مہارت کے ساتھ بیگ میں چھپائی گئی تھی۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمہ نے انکشاف کیا کہ اس کا ہینڈلر اور مطلوبہ وصول کنندہ ایئرپورٹ پر ہی موجود ہے۔ اطلاع ملنے پر اے این ایف نے فوری فالو اپ کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو اس کی گاڑی سمیت گرفتار کر لیا۔

حکام کے مطابق یہ کامیاب کارروائی پاکستان اور قطر کے درمیان بہتر انٹیلی جنس شیئرنگ اور مؤثر عملی تعاون کا واضح ثبوت ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کا کہنا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔