ڈھاکہ (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں قائدِ حزبِ اختلاف سے نہایت خوشگوار اور بامعنی ملاقات ہوئی جس میں باہمی احترام، علاقائی ہم آہنگی اور سماجی و معاشی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ایکس پہ وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف کی نیک تمناؤں کے ساتھ قائدِ حزبِ اختلاف کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔احسن اقبال نے کہا کہ اس ملاقات نے ان کے طالبعلمی کے دنوں کی یاد تازہ کر دی جب وہ یوای ٹی لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ تھے اور طلبہ سیاست میں سرگرم کردار ادا کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دور سیکھنے، مکالمے اور خدمتِ عامہ کے شعور کی تشکیل کا اہم مرحلہ تھا۔انہوں نے بنگلہ دیش کے عوام کی محبت اور گرمجوشی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط اور باہمی تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے، جو خطے میں استحکام اور خوشحالی کا باعث بنیں گے۔
بنگلہ دیش میں قائدِ حزبِ اختلاف سے نہایت خوشگوار اور بامعنی ملاقات ہوئی ، احسن اقبال
بدھ 18 فروری 2026












